ایک اجلا سا کانپتا دھبا
کلیاتِ مجید امجد
Published 14 October 2026
ایک اجلا سا کانپتا دھبا
ذہن کی سطح پر لڑھکتا ہوا
نقش، جس میں کبھی سمٹ آئی
لاکھ یادوں کی مست انگڑائی
داغ جس کی جبین غم پہ کبھی
ہو گیا آ کے لرزہ بر اندام
کسی بھولے ہوئے حبیب کا نام
زخم جس کی تپکتی تہہ سے کبھی
رس پڑے دکھتے گھونگھٹ الٹا کے
کسی چہرے کے سیکڑوں خاکے
عکس ان دیکھا عکس تیرتا ہے
آنسوؤں کی روانیوں میں رواں
روح کی شورشوں میں سایہ کناں
ذہن کی سطح پر لڑھکتا ہوا
About Majeed Amjad (مجید امجد)
مجید امجد (1914 – 1974) پاکستان کے اردو شاعر تھے اور جدید اردو نظم کے اہم ترین ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔