پت جھڑ کی اداس سلطنت میں
کلیاتِ مجید امجد
Published 14 October 2026
پت جھڑ کی اداس سلطنت میں
اک شاخ برہنہ تن پہ تنہا
بے برگ مسافتوں میں حیراں
کچھ زود شگفت شوخ کلیاں
جو ایک سرور سرکشی میں
اعلان بہار سے بھی پہلے
انجام خزاں پہ ہنس پڑی ہیں
تقدیر چمن بنی کھڑی ہیں
اس یخ کدۂ یقین غم میں
دیکھو یہ شگفتہ دل شگوفے
ماحول نہ کائنات ان کی
اک ناز نمو حیات ان کی
عمر ان کی بس ایک پل ہے لیکن
آئیں گے انہی کی راکھ سے کل
ماتھے پہ حسیں تلک لگائے
پھولوں بھری صبح نو کے سائے
About Majeed Amjad (مجید امجد)
مجید امجد (1914 – 1974) پاکستان کے اردو شاعر تھے اور جدید اردو نظم کے اہم ترین ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔