ننھی بھولی میلے میلے گالوں والی بے سدھ سی اک بچی
کلیاتِ مجید امجد
Published 14 October 2026
ننھی بھولی میلے میلے گالوں والی بے سدھ سی اک بچی
تیری جانب دیکھ رہی ہے دیکھ اس کی آنکھیں تیری توجہ کی پیاسی ہیں
اس کی نازک بے حس ٹھوڑی کو اپنی انگلی کی سنہری پور سے مس تو کر اور
اس سے اتنا تو پوچھ اچھی بلو تو کیوں چپ ہے
اور جب وہ منہ پھیر کے اپنی آنکھیں اپنے ہی چہرے پہ جھکا لے
تو ہی بڑھ کر اس کے ماتھے کو اپنے ہونٹوں سے لگا لے ہاں ایسے ہی
کیوں اس جھنجھیلو نے تجھ سے کہا کیا
یہ کیا تیری آنکھیں بھیگ گئیں کیوں
اس نے تجھ سے کہا کیا ساتوں آسمانوں کے مالک
اتنے پتلے دل والے مالک ہم بھی روز اس چہرے کی کتھا سنتے ہیں
ہم تو کڑا کر لیتے ہیں جی ایسے موقعوں پر
About Majeed Amjad (مجید امجد)
مجید امجد (1914 – 1974) پاکستان کے اردو شاعر تھے اور جدید اردو نظم کے اہم ترین ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔