جانے اس روزن میں بیٹھے بیٹھے
کلیاتِ مجید امجد
Published 14 October 2026
جانے اس روزن میں بیٹھے بیٹھے
تو کس دھیان میں تیری چڑیا اے ری چڑیا
بیٹھے بیٹھے تو نے کتنی لاج سے دیکھا
پیتل کے اس اک تل کو جو تیری ناک میں ہے
اپنی پت پر یوں مت ریجھ خبر ہے باہر
اک اک ڈاین آنکھ کی پتلی تیری تاک میں ہے
تجھ کو یوں چمکارنے والوں میں ہے اک جگ تیرا بیری
چڑیا اے ری چڑیا
بھولی تو یوں اڑتی پنکھ جھپکتی
یہاں کہاں آ ٹھہری چڑیا اے ری چڑیا
یہ تو میرے دل کا پنجرا ہے تو اس میں
اپنی ٹوٹی پھوٹی خوشیاں ڈھونڈنے آئی ہے
پگلی یہاں تو ہے ہیرے کی کنی کا چوگا
اور اک زخمی سانس اس پنجرے کی انگنائی ہے
اڑ اور مہکی ہوئی بن بیلڑیوں میں
جا چن اپنی لے ری چڑیا اے ری چڑیا
About Majeed Amjad (مجید امجد)
مجید امجد (1914 – 1974) پاکستان کے اردو شاعر تھے اور جدید اردو نظم کے اہم ترین ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔