Prof. Syed Mujahid Sajjad

قدم قدم پر چراغ ایسے جلا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

Mohsin Naqvi

Published 9 October 2026

قدم قدم پر چراغ ایسے جلا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

یزیدیت کی ہر ایک سازش پر چھا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

کہیں بھی ایوانِ ظلم تعمیر ہوسکے گا نہ اب جہاں میں

ستم کی بنیادِ اِس طرح سے ہِلا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

عجب مسیحا مزاج خاتون تھی کہ لفظوں کے کیمیا سے

حُسینیت کو بھی سانس لینا سکھا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

بھٹک رہا تھا، دماغِ انسانیت، جہالت کی تیرگی میں

جنم کے اندھے بشر کو رستہ دکھاگئی ہے علیؑ کی بیٹی

دکانِ وحدت کے جوہری دم بخود ہیں اس معجزے پہ اب تک

کہ سنگریزوں کو آبگینے بنا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

خبر کرو اہلِ جَور کو اب حُسینت اِنتقام لے گی

یزیدیت سے کہو، سنبھل جائے، آگئی ہے علیؑ کی بیٹی

نبی کا دِیں اب سَنّور سَنّور کے یہ بات تسلیم کر رہا ہے

اُجڑ کے بھی اَنبیأ کے وعدے نبھا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

نہ کوئی لشکر، نہ سَر پہ چادر، مگر نجانے ہَوا میں کیونکر

غرورِ ظلم و ستم کے پُرزے اُڑا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

پہن کے خاکِ شفا کا اِحرام، سر برہنہ طواف کر کے

حسین! تیری لَحد کو کعبہ بنا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

کئی خزانے سفر کے دوران کر گئی خاک کے حوالے

کہ پتّھروں کی جڑوں میں ہیرے چھپا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

یقیں نہ آئے تو کوفہ و شام کی فضاؤں سے پوچھ لینا

یزیدیت کے نقوش سارے مٹا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

ابد تلک اب نہ سَر اُٹھا کے چلے گا کوئی یزید زادہ

غرورِ شاہی کو خاک میں یوں ملا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

گزر کے چپ چاپ لاشِ اکبر سے پا برہنہ رَسن پہن کر

خود اپنے بیٹوں کے قاتلوں کو رلا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

میں اس کے در کے گداگروں کا غلام بن کر چلا تھا محسؔن

اسی لیے مجھ کو رنج و غم سے بچا گئی ہے علیؑ کی بیٹی

About Mohsin Naqvi (محسن نقوی)

محسن نقوی (1947–1996) پاکستان کے معروف اردو شاعر تھے، جو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کا کلام غزل، نظم اور مرثیہ تینوں اصناف پر محیط ہے اور اپنے دلکش اسلوب کی وجہ سے اردو ادب کا سرمایہ سمجھا جاتا ہے۔

Read all poetry by Mohsin Naqvi

More Urdu poetry by Mohsin Naqvi