Prof. Syed Mujahid Sajjad

نشۂ شوق رنگ میں تجھ سے جدائی کی گئی

Jaun Elia

Published 12 October 2026

نشۂ شوق رنگ میں تجھ سے جدائی کی گئی

ایک لکیر خون کی بیچ میں کھینچ دی گئی

تھی جو کبھی سر سخن میری وہ خامشی گئی

ہائے کہن‌ سنن کی بات ہائے وہ بات ہی گئی

شوق کی ایک عمر میں کیسے بدل سکے گا دل

نبض جنون ہی تو تھی شہر میں ڈوبتی گئی

اس کی گلی سے اٹھ کے میں آن پڑا تھا اپنے گھر

ایک گلی کی بات تھی اور گلی گلی گئی

اس کی امید ناز کا مجھ سے یہ مان تھا کہ آپ

عمر گزار دیجیے عمر گزار دی گئی

دور بہ دور دل بہ دل درد بہ درد دم بہ دم

تیرے یہاں رعایت حال نہیں رکھی گئی

جونؔ جنوب زرد کے خاک بسر یہ دکھ اٹھا

موج شمال سبز جاں آئی تھی اور چلی گئی

کیا وہ گماں نہیں رہا ہاں وہ گماں نہیں رہا

کیا وہ امید بھی گئی ہاں وہ امید بھی گئی

About Jaun Elia (جون ایلیا)

جون ایلیا (1931–2002) اردو کے منفرد شاعر، فلسفی اور عالم تھے۔ وہ ہندوستان کے شہر امروہہ میں پیدا ہوئے اور بعد میں پاکستان آ گئے۔ شاید، یعنی، گمان اور لیکن ان کے شعری مجموعے ہیں۔ ان کا کلام اپنی نرالی شوخی اور گہرے فلسفیانہ انداز کے لیے جانا جاتا ہے۔

Read all poetry by Jaun Elia

More Urdu poetry by Jaun Elia