Prof. Syed Mujahid Sajjad

دھواں دھواں ہے یہ فضا، یہ آگ کس طرح لگی

Mujahid Sajjad

Magar Manzar Nahi Mera

Published 3 November 2026

دھواں دھواں ہے یہ فضا، یہ آگ کس طرح لگی مِرے خدا، مِرے خدا، یہ آگ کس طرح لگی

یہ تیرے ساتھ کون تھا؟ نہیں، نہیں، کوئی نہیں نہ تھا کوئی تیرے سوا، یہ آگ کس طرح لگی

نہ پیرہن جلا، نہ میرے جسم ہی کو کچھ ہوا جلا تو صرف دل جلا، یہ آگ کس طرح لگی

یہ آتشِ جدیدیت میں خاک ہو گیا بشر یہ کیا ہوا، یہ کب ہوا، یہ آگ کس طرح لگی

دلھن بڑی اداس تھی وہ ایک رات جل گئی کوئی نہیں بتا سکا، یہ آگ کس طرح لگی

مجاہدؔ آج کس طرح ہوا کا رخ بدل گیا جو بچ گیا تھا جل گیا، یہ آگ کس طرح لگی

About Mujahid Sajjad (مجاہد سجاد)

سید مجاہد سجاد اردو زبان کے شاعر، ادیب اور ماہرِ تعلیم ہیں۔ سرکاری گریجویٹ کالج بریوالہ میں انگریزی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ہونے کے ساتھ وہ اردو شاعری، تنقید اور مضامین کی کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔

Read all poetry by Mujahid Sajjad

More Urdu poetry by Mujahid Sajjad