وزیر چند نے پوچھا ظفر علی خاں سے
کلیاتِ ظفر علی خان
Published 14 October 2026
وزیر چند نے پوچھا ظفر علی خاں سے
شری کرشن سے کیا تم کو بھی ارادت ہے
کہا یہ اس نے وہ تھے اپنے وقت کے ہادی
اسی لیے ادب ان کا مری سعادت ہے
فساد سے انہیں نفرت تھی جو ہے مجھ کو بھی
اور اس پہ دے رہی فطرت مری شہادت ہے
ہے اس وطن میں اک ایسا گروہ بھی موجود
شری کرشن کی جو کر رہا عبادت ہے
مگر فساد ہے اس کی سرشت میں داخل
بچارے کیا کریں پڑ ہی چکی یہ عادت ہے
About Zafar Ali Khan (ظفر علی خان)
ظفر علی خان (1873 – 1956) صحافی، سیاست دان اور شاعر تھے۔ انھوں نے اخبار زمیندار جاری کیا اور تحریکِ آزادی میں حصہ لیا۔ بہارستان ان کے کلام کا مجموعہ ہے۔