Prof. Syed Mujahid Sajjad

تمہارے حسن کے نام

Faiz Ahmed Faiz

نسخہ ہائے وفا

Published 12 October 2026

سلام لکھتا ہے شاعر تمہارے حسن کے نام

بکھر گیا جو کبھی رنگ پیرہن سر بام

نکھر گئی ہے کبھی صبح دوپہر کبھی شام

کہیں جو قامت زیبا پہ سج گئی ہے قبا

چمن میں سرو و صنوبر سنور گئے ہیں تمام

بنی بساط غزل جب ڈبو لیے دل نے

تمہارے سایۂ رخسار و لب میں ساغر و جام

سلام لکھتا ہے شاعر تمہارے حسن کے نام

تمہارے ہاتھ پہ ہے تابش حنا جب تک

جہاں میں باقی ہے دلدارئ عروس سخن

تمہارا حسن جواں ہے تو مہرباں ہے فلک

تمہارا دم ہے تو دم ساز ہے ہوائے وطن

اگرچہ تنگ ہیں اوقات سخت ہیں آلام

تمہاری یاد سے شیریں ہے تلخئ ایام

سلام لکھتا ہے شاعر تمہارے حسن کے نام

About Faiz Ahmed Faiz (فیض احمد فیض)

فیض احمد فیض (1911–1984) برصغیر کے عظیم اردو شاعر تھے، جو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ نقشِ فریادی، دستِ صبا، زنداں نامہ اور دستِ طہِ سنگ ان کے شعری مجموعے ہیں۔ ان کی غزل ”مجھ سے پہلی سی محبت مری محبوب نہ مانگ“ اردو ادب کی سب سے مشہور غزلوں میں شمار ہوتی ہے۔

Read all poetry by Faiz Ahmed Faiz

More Urdu poetry by Faiz Ahmed Faiz