جا کہیو ان سے نسیمِ سحر!
کلیاتِ ظفر
Published 14 October 2026
جا کہیو ان سے نسیمِ سحر! میرا چین گیا، میری نیند گئی
تمہیں میری، نہ مجھ کو تمہاری خبر، میرا چین گیا، میری نیند گئی
نہ حرم میں تمہارے یار پتہ نہ سراغ دیر میں ہے ملتا
کہاں جا کے میں جاؤں کدھر ، میرا چین گیا میری نیند گئی
اے بادشہِ خوبانِ جہاں! تیری موہنی صورت پہ قربان
کی میں نے جو تیری جبیں پہ نظر، میرا چین گیا، میری نیند گئی
ہوئی بادِ بہاری چمن میں عیاں، گل بوٹے پہ باقی رہی نہ فضا
میری شاخِ امید نہ لائی ثمر، میرا چین گیا میری نیند گئی
اے برقِ تجلی ! بہرِ خدا، نہ جلا مجھے عشق میں شمع سا
میری زیست ہے مثلِ چراغِ سحر، میرا چین گیا میری نیند گئی
کہتا تھا یہی رو رو کے ظفر، میری آہِ رسا کا ہوا نہ اثر
تیرے ہجر میں موت نہ آئی ابھی، میرا چین گیا میری نیند گئی
About Bahadur Shah Zafar (بہادر شاہ ظفر)
بہادر شاہ ظفر (1775 – 1862) مغلیہ سلطنت کے آخری تاجدار اور ایک باصلاحیت اردو شاعر تھے۔ ان کی غزلوں میں صوفیانہ اور رنجیدہ رنگ نمایاں ہے۔